
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے چیف کوآرڈینیٹر چوہدری فراز حسین نے کہا کہ تمام تر مشکلات، مہنگائی اور دیگر عوامل کے باوجود وزیراعظم عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، الحمد اللہ ان پر بدعنوانی کا کوئی داغ دھبہ نہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر ضلع کچہری جہلم میں جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد، وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ شیخ محمد احمد سمیت تحصیل جہلم کے مختلف مقامات سے آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ بہرحال مہنگائی اس وقت ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور کورونا وائرس نے پوری دنیاء کی بڑی بڑی معیشتوں کو زمین بوس کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نہ صرف اس مشکل صورتحال کا بھرپور مقابلہ کیا بلکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہورہاہے اور تمام بین الاقوامی معاشی پیمانے اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ پاکستان میں ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔