
ڈومیلی: بلدیات کے الیکشن کا اعلان ہوتے ہی ڈومیلی میں سیاسی ماحول سردی میں بھی گرم ہوگیا۔ چند روز قبل بگوالہ میں سابق وائس چیف منیرکی جانب سے شمولیتی جلسہ میں پی ٹی آئی اور ایم پی اے راجہ یاورکمال کو چیلنج کیاگیاتھا۔
اس چیلنج کے جواب پر ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ یاورکمال کے بھائی یاسرکمال نے پی ٹی آئی سابق کونسلرز کے ہمراہ ڈومیلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، فطرت اور عادت کے تحت جھوٹ بولاگیا، سمندر میں تیرنے والوں کو ندی نالوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آپ اس کھیل میں ابھی نئے ہیں، آپ کے الفاظ آپ کی تربیت اور آپ کے سیاسی ذہن کی عکاسی کرتی ہیں، ہم متحد ہیں اور ہم بندوق اور گالی کی سیاست کا جواب ترقیاتی کاموں اور عوام کی خدمت سے دیں گے۔ گالی گلوچ کرناہمارے بزرگوں کی تربیت نہیں ہے۔ ہم سب ایک ہیں اور بلدیاتی الیکشن کیلئے بھرپورطریقے سے تیار ہیں۔ ن لیگ کے سابق امیدوار برائے کونسلر ماسٹر ضمیر نے پاکستان تحریک انصاف میں اس موقع پر شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر کونسلرز چوہدری یعقوب، ملک اسلم، چوہدری محمدحسین، ملک شہزاد، راجہ عادل اور اقلیتی کونسلر یونس موجود تھے۔ راجہ یاسر کمال نے ماسٹر ضمیر کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدیدکے ساتھ مبارکبادپیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔