موٹروے پولیس کی ناقص کارکردگی، جادہ کے مقام پرجی ٹی روڈ پارکنگ اسٹینڈ اور ریڑھی بازار میں تبدیل

جہلم: نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی ناقص کارکردگی جادہ کے مقام پرجی ٹی روڈ پارکنگ اسٹینڈ اور ریڑھی بازار میں تبدیل کر دیاگیا، جبکہ عملہ شہر سے دور دراز جگہوں پر ٹرکوں اور لوڈر گاڑیوں کے چالان کرنے میں مصروف، جی ٹی روڈ پر قائم شاپنگ مالز، بیکرز، نجی سکول و کالجز میں آنے والے افراد اپنی گاڑیاں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف کھڑی کر دیتے ہیں ، جی ٹی روڈ پر قائم پودوں کی نرسریاں اور ریڑھی بازار کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس اور این ایچ اے کی انتظامیہ کی فرائض سے چشم پوشی کے باعث جی ٹی روڈ جادہ کے مقام پر ٹریفک کے مسائل میں سنگین اضافہ ہو گیا ہے ، جی ٹی روڈ پر جس کا جہاں جی چاہے وہاں گاڑی کھڑی کرنا اپنا قانونی حق سمجھتا ہے ، وہیں دیگر شہروں سے آنے جانے والی مسافر بسوں ، لوکل روٹ پر چلنے والی ویگنوں اور رکشہ والوں نے بھی جی ٹی روڈ کو اپنا غیر قانونی اسٹینڈ بنا رکھا ہے۔

موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کی چشم پوشی سے جی ٹی روڈ ، جادہ چوک ریڑھی بازار منی فروٹ منڈی کا منظر پیش کر رہاہے ، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس جی ٹی روڈ پر قائم ہونے والے خود ساختہ پارکنگ کے لئے سنگین مسئلے کو ختم کروانے اور نو پارکنگ کے سائن بورڈز آویزاں کرنے سمیت گاڑیاں جی ٹی روڈ پر کھڑی کرنے والے ٹرانسپورٹرز و مالکان کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

موٹر وے پولیس کے ذمہ داران دریائے جہلم پل سے پیر شہاب تک قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں تاکہ حادثات کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور شہری بلا خوف و خطر نجی مصروفیات جاری رکھ سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button