دینہ میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ، درجنوں موٹرسائیکلیں غائب

دینہ میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہونے لگا خاص طور پر دینہ شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، درجنوں موٹرسائیکل غائب، عوام لاکھوں روپے مالیت کے موٹر سائیکلوں سے محروم، شہر بھر میں خوف وہراس کی فضا قائم ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کافی عرصہ سے دینہ شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور بالخصوص ہنڈا 125 چوری ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام الناس کے جان و مال کو ہر لحاظ سے ہر وقت خطرہ لاحق رہتا ہے۔

ایک ایسا ہی واقع کھڑی شریف میرپور آزاد کشمیر کے رہائشی محمد شبیر بٹ کے ساتھ پیش آیا جو اپنی ہمشیرہ کے گھر واقع محلہ اسلام پورہ دینہ میں اپنی موٹر سائیکل ہنڈا 125، 18ماڈل نمبری JMK-7648 پر آیا ہوا تھا کہ اپنی موٹر سائیکل اپنی ہمشیرہ کے گھر کے باہر کھڑی کر کے گھر کے اندر چلا گیا۔

شبیر بٹ نے بتایا کہ تھوڑی دیر کے بعد باہر آیا تو موٹر سائیکل غائب تھا جس کو اپنی طور پر تلاش کرنے کی کوشش کی مگر تاحال نہیں مل سکا ہے، متعلقہ پولیس چوکی سٹی دینہ کو بھی درخواست دی تاحال موٹر سائیکل کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے جبکہ ان موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے عوام الناس بلبلا اٹھے ہیں اور شہریوں میں سخت غصہ اور تشویش پائی جاتی ہے اور ہر شخص پریشان ہے ایسے موقع پر انتظامیہ خاموش ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب آئی جی پنجاب ڈی پی اوجہلم ڈاکٹر فہد احمد اور اعلیٰ حکام ازخود نوٹس لیں تاکہ عوام آسانی کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکے اور اپنے آپ کو محفوظ تصور کرے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button