جہلم کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔ چوہدری فواد حسین

پنڈدادنخان: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم اور عوامی نمائندہ وہ ہونا چاہیے جو لوگوں کی عزت میں اضافہ کر سکے،عمران خان کے لیول کا کوئی لیڈر پاکستان میں موجود نہیں ہے۔ہمارے مخالفین سیاسی بونے ہیں، ان کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی،اسلامو فوبیا سمیت مختلف معاملات پر عالمی برادری نے عمران خان کے موقف کو ہمیشہ سنا ہے، دورہ چین کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ہفتہ کو پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ23سال بعد کوئی بھی پاکستانی لیڈر ماسکو کا دورہ کرنے جا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس گیم چینجر ہو گا،چین کے بعد روس کے ساتھ پاکستان کے مستحکم تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز لندن سے اپنے پیسے واپس لے آئیں تو حالات کافی بہتر ہو جائیں گی، مریم نواز کو احساس ہے تو اپنے ابو اور بھائیوں سے کہیں کہ پاکستانیوں کا پیسہ واپس کریں۔ جو ہمارے خلاف عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان کے گھر والے بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اپنے ووٹ پورے نہیں کروا سکی اپوزیشن میں جرات ہے تو کل ہی عدم اعتماد لے کر آئیں، عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں کوئی خطرہ نہیں۔ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، توقع ہے کہ وہ پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہلم میں بلدیاتی انتخاب پہلے مرحلے میں ہے، پی ٹی آئی کے کارکن کمر کس لیں جہلم کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ہیں اوروقت آ گیا ہے کہ جہلم کے لوگوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جائے اور انشاء اللہ ماضی کی طرح اس بار بھی پی ٹی آئی جہلم میں کلین سویپ کرے گی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ محسن بیگ نے مراد سعید کیلئے جو بیہودہ زبان استعمال کی اس پر ایف آئی اے نے کارروائی کی پاکستان کا کوئی بھی شخص محسن بیگ جیسے طرز کلام کی حمایت نہیں کرتا،قانون انہیں احترام سکھانا چاہتا ہے، مراد سعیدنے آگے بڑھ کے معاملے پر ایف آئی آر درج کرا ئی پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button