
پنڈ دادنخان: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے لانگ مارچ تو دور واک بھی نہیں ہوگی، نواز شریف، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہو چکی ہے، عمران خان کو جو اپوزیشن چیلنج کر رہی ہے وہ اپنے پاؤں پر چل نہیں سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کیا کرے گی، جو لوگ عدم اعتماد کی بات کر رہے ہیں، ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے تو قوم کیسے اعتماد کرے گی، انہیں پاکستان کے عوام کا پیسہ واپس کرنا ہوگا، نواز شریف جھوٹ بول کر لندن گئے، آج ان کی بیٹی عدالتوں کے باہر کھڑی ہے، باپ اور بھائی وطن واپس نہیں آ رہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کے مجرم ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے جلسوں سے اپوزیشن کی نیندیں حرام ہو جائیں گی، آج شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونا تھی لیکن انہوں نے یہ بہانہ کیا کہ ہمیں جو چالان ملا ہے اس کی سیاہی پڑھی نہیں جا رہی، انہیں پڑھانے کے لئے استاد کی ضرورت ہے، اس طرح کے بہانے کر کے یہ بچ نہیں پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکاؤنٹوں میں اربوں روپے آئے اور ان کے اکاؤنٹوں میں منتقل ہوئے، انہیں بتانا ہو گا کہ یہ رقوم انہیں کیسے منتقل ہوئیں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کے ساتھ ظلم روا رکھا ہے، اگر اس ظلم کی طرف کسی نے توجہ دلائی ہے تو وہ وزیراعظم عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن اور زرداری کی الگ الگ جماعتیں ہیں، ایک لبرل اور دوسری مذہبی جماعت ہے، یہ سیاست میں اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ان کے پاس لوگ نہیں ہیں۔ مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر حکومتیں نہیں بدلی جا سکتیں، اس کے لئے محنت کی ضرورت ہوتی ہے، بلاول اور مریم کو مشورہ ہے کہ سیاست میں آنے کے لئے وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں، انہیں پتہ چل جائے گا کہ یہ کتنے پانی میں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے لئے پنجاب کے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں، آج ہمارے علاقوں میں گیس اس لئے نہیں کہ نواز شریف نے پنجاب کے حقوق کا سودا کر دیا تھا، 18 ویں ترمیم پر دستخط کئے گئے، اس کے نتیجے میں پنجاب کو گیس سے محروم کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر توانائی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے قانون پاس ہو چکا ہے، اب انشاء اللہ پنجاب کو بھی باقی صوبوں کی طرح گیس مل سکے گی۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے پنجاب میں انڈسٹری اور زراعت کا بیڑا غرق کیا، جو موٹر وے بنائی اس کے نتیجے میں پنجاب کے تمام بڑے شہر نقصان میں چلے گئے، گوجرانوالہ، جہلم، گوجرخان، سوہاوہ، دینہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات کو انہوں نے ایسے منصوبوں سے باہر نکالا جیسے مکھن سے بال نکالا جاتا ہے۔ آج الحمد للہ عمران خان نے موٹر وے دی ہے جو انشاء اللہ سیالکوٹ موٹر وے سے راولپنڈی کو ملائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہلم میں 1906ء میں جب ہیڈ رسول بنا تھا تو اس وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ جہلم اور خوشاب کے لوگوں کے لئے نہر بنائی جائے گی، وہ وعدہ آج وزیراعظم عمران خان نے پورا کیا ہے۔ پچاس سال بعد اس علاقے میں ڈوئل کیرج وے بن رہی ہے جو موٹر وے کو جی ٹی روڈ سے ملائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ہم الیکشن لڑ رہے تھے تو اس علاقے میں پینے کا پانی نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان نے پینے کے پانی کے منصوبوں پر کام شروع کروایا، وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبات تسلیم کئے۔ ان منصوبوں سے ہمارے علاقوں کی قسمت بدل جائے گی، اسلام آباد اور لاہور کو بھی ان کا فائدہ ہوگا۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کے جلسہ میں لوگ آج ثابت کریں گے کہ عمران خان پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جن کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے،
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ23سال بعد کوئی وزیراعظم روس جا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے عوام اور پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا ہے، ملک میں ایسا وزیراعظم موجود ہے جو ملک کے عوام کا سوچتا ہے۔ آج طویل عرصے بعد ہمارا کسان خوشحال ہے، عوام کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، 10 لاکھ روپے تک علاج کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب عوام کے لئے راشن کارڈ کی سہولت لائے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھتی ہیں تو اپوزیشن بتا دے کہ اگر دنیا میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہمیں پاکستان میں کیا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اگر 23 ہزار ارب قرضہ نہ لیا ہوتا تو آج ہمارے پاس اتنے وسائل ہوتے کہ ہم سبسڈی دے سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی پاکستان نے 12 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا ہے۔ ان لوگوں نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، پاکستان کے عوام ان کی لوٹ مار کو جانتے ہیں۔ 2018ء کے انتخاب میں ہم نے بدلہ لیا، یہ بدلہ ختم نہیں ہوا، 2023ء کے انتخاب میں ایک بار پھر عمران خان وزیراعظم منتخب ہوں گے۔