
سوہاوہ (شیخ علی رضا) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں تین روزہ پولیو مہم کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں امام مسجد،محکمہ ہیلتھ کے انسپکٹر طارق، ایل ایچ ڈبلیو، ہسپتال ایڈمن و پولیو مہم انچارج یو سی سوہاوہ کاظم شاہ، سیکرٹری یونین کونسل سوہاوہ راجہ گلفام، محکمہ ایجوکیشن کے اے ای او عامر حبیب، میڈیا اور دیگر ہسپتال کے عملے نے شرکت کی۔
ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین روزہ پولیو مہم 28 فروری سے لیکر تین مارچ تک جاری رہے گی، پولیو مہم کو ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے، ہمارا کوئی ٹارگٹ نہیں کہ ہم نے اتنے ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے بلکہ ہم نے ہر اس بچے کو پولیو کے قطرے پلانے ہیں جس کی عمر پانچ سال سے کم ہو۔
ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہماری مساجد، محکمہ ایجوکیشن اور میڈیا اور سیکرٹری یونین کونسلز کا اہم کردار ہوتا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ آپ ہمارا ساتھ دیں گے جس پر امام مسجد، اے ای او عامر حبیب اور سیکرٹری یونین کونسل اور میڈیا نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی صحت کا خیال رکھنا ہی ہماری زمہ داری ہے۔
ایڈمن کاظم شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2021ء میں پوری دنیا میں پانچ کیس پولیو کے نکلے ہیں جن میں سے ایک کیس پاکستان میں نکلا ہے اس سال 2022ء میں ابھی تک صرف ایک کیس افغانستان سے رپورٹ ہوا ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور اپنا مستقبل بچائیں۔