ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ذمہ داریوں سے منہ موڑ لیا، مسافر بے یار و مدد گارسڑکوں پر رلنے لگے

جہلم: ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ذمہ داریوں سے منہ موڑ لیا ، مسافر بے یارو مدد گارسڑکوں پر رلنے لگے، ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم توجہی، ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے وصول کرکے مسافروں کی زندگیاں اجیران بنا دیں، آئے روز لڑائی جھگڑے معمول بن گے، بین الاضلاعی سفر کے ساتھ ساتھ مقامی چنگ چی ڈرائیورز بھی مسافروں کو لمبے ہاتھوں سے لوٹنے لگے ، ڈی آرٹی اے کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم توجہی کیوجہ سے مسافروں کو دورانِ سفر شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے، 2020ء کے بعد کوئی کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا جس کیوجہ سے بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں سے ٹرانسپورٹرز منہ مانگے کرائے وصول کررہے ہیں۔

مسافروں کی جانب سے پوچھنے پر پٹرول کی قیمت کو جواز بنا تے ہوئے 40 سے 60 فیصد تک کرائے بڑھا کر زائدکرایہ وصول کیا جارہا ہے ، جہلم سے راولپنڈی ، جبکہ راولپنڈی سے جہلم کے کرائے میں نمایاں فرق ہے ،مسافر ہائی ایس جو 14 سیٹرپاس ہے اس گاڑی میں 18 مسافروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس کر مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کر رہے جس کیوجہ سے ٹرانسپورٹروں نے مختلف اقسام کے کچی سڑک ، پکی سڑک اور نیم پختہ سڑک کے حساب سے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں جس کیوجہ مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہاہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ ابھی تک نئے کرائے نامے جاری نہیں کئے گئے جس کیوجہ سے ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں ،مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور نئے کرائے نامے جاری کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے مابین گالی گلوچ، لڑائی جھگڑوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button