
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ جہلم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (DEOC) قائم کر دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹنا ہے اس کے علاوہ قومی و مقامی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں معلومات حاصل کرنے اور اطلاعات فراہم کرنے کے لئے بھی یہی پلیٹ فارم استعمال کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانا، گاڑیوں کا دھواں خارج کرنا اور فٹنس کے بغیر چلنا بھی مائنر ڈیزاسسٹر میں شامل ہو گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایمرجنسی کے پیش نظر تمام اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام اداروں کی طرف سے بھی ہر سال دریاؤں میں سیلاب اور طغیانی کے سیزن کے دوران ریسکیو آپریشن کی تیاریاں بروقت مکمل کی جاتی ہیں تاکہ جس قدر ممکن ہو سکے جانی اور مالی نقصانات کو روکا جا سکے، اس حوالے سے انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران کو بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
نعمان حفیظ نے کہا کہ تمام محکمے اپنے فوکل پرسن نامزد کریں،این جی اوز سمیت تمام محکموں کو ہدایات کی جائیں کہ بوقت ضرورت ان پاس مہیا سہولیات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے تمام محکموں کے افسران اپنے پچھلے سال کے پلان کو دیکھ کر فنکشنل سرٹیفکیٹ 18 فروری تک جمع کروائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب کی اطلاع دینے والے مراکز سے رابطے، دریا کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں آباد مکینوں کو بروقت آگاہ کرنے اور متاثرین تک خوراک اور ہنگامی طبی امداد پہنچانے سے متعلق ادارے اپنا ورکنگ پلان تیار کرئے تاکہ بوقت ضرورت ہنگامی اقدامات میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔
اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی،محکمہ تعلیم، لائیو سٹاک اور باقی تمام ضلعی اداروں نے شرکت کی۔