
جہلم: تجاوزات مافیا سرگرم، شہر کی سڑکیں سکڑ گئیں، انتظامیہ کے بلند و بانگ دعوے زمین بوس، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی معروف سڑکوں، جادہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کچہری روڈ، کمیلا روڈ، سول لائن روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ، روہتاس روڈ، مشین محلہ روڈ سمیت جی ٹی روڈ سروس روڈ پر شہریوں کا پیدل چلنا دشوار ہو کر رہ گیا ہے، تجاوزات مافیا نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑ رکھے ہیں۔
اندرون شہر کی سڑکوں اور چوک چوراہوں میں قائم ہونے والی تجاوزات شہریوں کے لئے وبال جان بن چکی ہے، شہرکی سڑکوں پر ٹریفک کا جام ہونا روزانہ کا معمول بن چکا ہے، میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ انکروچمنٹ کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی و عدم توجہی کے باعث تجاوزات مافیا بے لگام ہو چکا ہے۔
شہر کی سڑکوں پر شام ہوتے ہی بااثر افراد انتظامی افسران کی پشت پناہی کی وجہ سے سڑکوں کے دونوں اطراف دکانیں سجا لیتے ہیں، مذکورہ سڑکوں پر شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تجاوزات مافیا دوپہر کے بعد فوراً سڑکوں پر قبضہ جما لیتے ہیں۔
انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم کے ملازمین تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں سے روزانہ کی بنیاد پر تہہ بازاری کے نام پر پیسے وصول کرتے ہیں جس کی وجہ سے تجاوزات مافیا بلا خوف و خطر سڑکوں پر تجاوزات قائم کر کے کارروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔