Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.

ملک معیشت کا بیڑا غرق کرنے والوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ فواد چوہدری

پنڈدادنخان: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ملک ان کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، عوام اس وقت تک نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے، جب تک وہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، اپوزیشن کا اپنا کوئی قد نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنڈدادنخان میں ایک تقریب کے دوران شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے بھی اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں، بلاول سے کہتا ہوں کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف جگہ جگہ بھٹک رہے ہیں، پنجابی کی کہاوت ہے (اردو ترجمہ) قربان جاؤں اس تھانیدار پر جس نے ماں کی یاد دلا دی’’، قربان جاؤں عمران خان پر جس نے آج ان سب چوروں کو اکٹھا کر دیا ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ یہ سب چور اکٹھے ہیں اور آج سب نے دیکھ بھی لیا ہے۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بیٹے کئی سالوں سے لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے اپارٹمنٹس، بلڈنگز اور گاڑیاں سب کے سامنے ہیں، آخر ان کا خرچہ کون اٹھا رہا ہے؟، انہوں نے کہا کہ ہمارا نواز شریف سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہم صاف ستھری بات کرتے ہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ قوم کو واپس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ پیسہ ہے جو پاکستان کے عوام سے چوری کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ایک ایک ٹی وی پروگرام میں کہا جا رہا تھا کہ مہنگائی بہت ہو گئی ہے، میں نے کہا کہ جن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے کیا پاکستان انہی کو واپس کر دیں؟۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ہماری کمر ٹوٹی، ملک ان کے حوالے کیسے کیا جا سکتا ہے؟۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار باہر بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، نواز شریف نے ہائیڈ پارک، لندن کے سامنے ایک ارب ڈالر کی پراپرٹی بنائی، مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے شہباز شریف اینڈ فیملی کو منتقل ہوئے، ان لوگوں نے نے پاکستان کے عوام، مزدور اور تاجر کو لوٹا ہے، آج لوگ کس منہ سے نواز شریف اینڈ کمپنی کا ساتھ دے رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ قوم کا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، پاکستان کے عوام قطعی طور پر نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے۔ ہم نے اپنے حلقہ کے عوام سے جو وعدے کئے، پورے کئے، افسوس اس بات کا ہے کہ ماضی میں پنڈ دادنخان تحصیل کے ستر سال ضائع کر دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال پہلے جب اقتدار میں آیا تو ہر کام نئے سرے سے شروع کرنا پڑا، یہاں گلیاں اور سڑکیں موجود نہیں تھیں، علاقے میں پینے کا پانی دستیاب نہیں تھا، سکول اور ڈاکٹرز نہیں تھے، ضلع جہلم میں 47 ڈاکٹرز تھے، آج الحمد للہ جہلم میں 800 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود ہے، ہم نے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کی، پاسپورٹ آفس جہلم میں تھا، ہم پنڈ دادنخان کے اندر پاسپورٹ آفس لائے، ای او بی آئی کا دفتر بھی یہاں قائم کیا۔

انہوں نے کہا کہ دارا پور کے دوست اپنا گھر جہلم لے گئے، ان سے نہ تو پاسپورٹ آفس آیا، نہ پل آیا، نہ سڑک آئی، نہ سکول اور کالج آیا، میں نے حلقے کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ اپنا نمائندہ اسے چنیں جو ان کا شملہ اونچا کر سکے، ایسے آدمی کا انتخاب نہیں کیا جانا چاہئے جو دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر سمجھے کہ میرا قد اونچا ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن بھی آج کل یہی کر رہی ہے، اس کا اپنا کوئی قد نہیں، بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو سے کہا کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد اور طاقت کے ذریعے کی جائے، بلاول بھٹو پہلے میئر کا انتخاب لڑنا سیکھیں، یہاں تقریریں کرنے سے انہیں ووٹ نہیں ملنے، نہ ہی پیپلز پارٹی کی سیاست مولانا فضل الرحمان کو ٹھیکے پر دینے سے ووٹ ملیں گے، اپنی سیاست خود کرنا پڑے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا خیال ہے کہ مولانا کے مدرسوں کے بچے آئیں گے اور اپنے کندھوں پر اٹھا کر انہیں بڑا کر دیں گے، کیا کبھی اس طرح بھی سیاست ہوئی ہے؟ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نہ تیر چلے گا نہ تلوار ان سے، یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سات مرتبہ عمران خان کو گرانے کی کوشش کی، عمران خان کا اللہ تعالیٰ محافظ ہے، یہ عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ آج الحمد للہ عمران خان جب بات کرتے ہیں تو وہ نواز شریف کی طرح چٹ نکال کر بات نہیں کرتے، عمران خان جب بات کرتے ہیں تو دنیا ان کی بات سنتی ہے، آج 23 سال کے بعد پاکستان کا کوئی وزیراعطم روس جا رہا ہے، آج پاکستان کے وزیراعظم کی آواز مسلم امہ کی آواز سمجھی جاتی ہے، یہی وہ قد ہے جو پاکستان کے لوگ اپنے وزیراعظم میں دیکھنے کی توقع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جب وزیراعظم‘ رسول اللہﷺ کی عزت و ناموس کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بات کرتے ہیں تو پوری مسلم دنیا ہی نہیں پورا مغرب بھی ان کی بات سنتا ہے، روس کے صدر پیوٹن بھی کہتے ہیں کہ اسلام کو جس طرح سے پیش کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے اور ان کا یہ بیان اس وقت آتا ہے جب عمران خان کی تقریر آتی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button