
جہلم: شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہر کے گلی محلوں، چوک چوراہوں میں آوارہ کتوں کے گروہ شام ڈھلتے ہی ذمہ داریاں سنبھال لیتے ہیں اور جہلم کے شہری اپنے گھروں سے نکلتے ہوئے بھی خوف محسوس کرتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں جن میں بلال ٹاؤن، کالا گجراں، اسلام پورہ، محمودآباد، کریم پورہ، مجاہد آباد، مخدوم آباد، ڈھوک فردوس، محمدی چوک، شاندار چوک ، قبرستان چوک، روہتاس روڈ چوک میں شام ڈھلتے ہی درجنوں آوارہ کتوں کے گروہ نکل آتے ہیں اور موٹر سائیکل سواروں، پیدل اور گاڑیوں پر بھونکنے سمیت انہیں کاٹنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
شہریوں کے مطابق علاقے میں دنبے اور بکرے کے سائز کے آوارہ کتوں سے خوف و حراس بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کو بھی شام ڈھلتے گھروں تک محدود کردیا جاتا ہے متعدد مقامات پر آوارہ کتوں کے شہریوں کو کاٹنے کی اطلاعات بھی موصول ہوتی رہتی ہیں تا ہم انتظامیہ اس حوالے سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔
ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینی ٹیشن نے چپ سادھ رکھی ہے اس طرح شہریوں کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے کتوں کو تلف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔