
جہلم: شہر سمیت ملحقہ علاقوں کے دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے اور قیمت پنجاب ایپ کو پاؤں تلے روندتے ہوئے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے سبزیوں سمیت اشیاء خوردونوش فروخت کرنی شروع کر رکھی ہیں ،صارفین نے قیمتوں کو چیک کرنے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے مانیٹرنگ کے موثر نظام کو فعال بنانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت قرب و جوار کے علاقوں میں دکانداروں نے پرچون کی سطح پرنیا آلو درجہ اول28روپے کی بجائے 40روپے، پیاز درجہ اول 28کی بجائے40، ٹماٹر 125 کی بجائے 150، لہسن چائنہ 325 کی بجائے 350 ، لہسن دیسی 210 کی بجائے 250 روپے، ادرک تھائی لینڈ 185 کی بجائے230، ادرک چائنہ325 کی بجائے350 فی کلو تک فروخت کی جاتی رہی ہیں۔
کھیرا فارمی50 کی بجائے70، کریلے 170 کی بجائے 200، پالک 20 کی بجائے30، بینگن 50 کی بجائے70، بند گوبھی45 کی بجائے70، پھول گوبھی40 کی بجائے70 فروخت کی جا رہی ہیں۔ سبز مرچ 110 کی بجائے 150، شملہ مرچ155 کی بجائے170، گھیا کدو 80 کی بجائے 90، لیموں چائنہ50 کی بجائے 70 روپے، شلجم28 کی بجائے 40، مٹر85 کی بجائے 110، مولی 22کی بجائے 30 روپے فی کلو تک فروخت کی جاتی رہی ہیں۔
صارفین نے حکومت پنجاب سے قیمتوں کو چیک کرنے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام متعارف کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف عملی طور پر کارروائی ہو اور صارفین حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش خرید سکیں۔