
جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرنے سلسلہ جاری، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چیف کوآرڈینٹر فراز حسین چوہدری، سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد، سابق ناظم یوسی کوٹلہ فقیر معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری رضوان منور سمیت شہر کی سماجی رفاعی فلاحی کاروباری، شہری تنظیموں کے عمائدین نے جہلم پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما چیف کوآرڈینٹر فراز حسین چوہدری اور ان کے ساتھیوں کا جہلم پریس کلب پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے معزز مہمانوں کو پریس کلب کے کانفرنس ہال تک پہنچایا گیا۔
اس موقع پر جہلم پریس کلب کے کانفرنس ہال میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما چیف کوآرڈینٹر فراز حسین چوہدری نے نو منتخب عہدیداران کو اپنی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کی طرف سے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ صحافیوں کے حقوق اور آزاد صحافت کو یقینی بنانے میں جہلم پریس کلب کا اہم کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کی دلی خواہش ہے کہ ضلع جہلم کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، ڈیجیٹل دور میں الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت پرنٹ میڈیا کی نسبت بڑھ چکی ہے۔
چیف کوآرڈینٹر فراز حسین چوہدری نے کہا کہ کانفرنس ہال کے اوپر عمارت تعمیر کی جائیگی کیونکہ آج سے 40 سال قبل جب پریس کلب کی عمارت تعمیر کی گئی اس وقت صحافیوں کی تعداد انتہائی کم تھی اب پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نے اپنی اہمیت و افادیت ظاہر کی ہے جس کیوجہ سے صحافیوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری فواد حسین کی دلی خواہش ہے کہ صحافت سے وابستہ افراد کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے کیونکہ صحافی معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی آواز بنتے ہیں، جہلم شہرسمیت تحصیل پنڈدادنخان اور مضافاتی علاقوں میں ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری فواد حسین نے جلالپور شریف کندوال نہرکا میگا پراجیکٹ دیکر علاقے کی تقدیر بدل دی ہے ہزاروں ایکٹر جو زمینیں بنجر پڑیں تھی میٹھے پانی کی فراوانی سے اب تحصیل پنڈدادنخان میں خوشحالی آئیگی ، کسان معاشی طور پر مستحکم ہونگے ،اسی طرح لِلہ تا جہلم 2 رویہ سڑک کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جس سے معاشی ترقی میں بہتری آئیگی اور ضلع جہلم ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹوبہ میں ٹراما سینٹر کا کام شروع ہو چکا ہے جس کے مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آنے والے تحصیل پنڈدادنخان کے مریضوں کابوجھ کم ہونے سے علاج معالجہ میں بہتری آئیگی اور غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔
سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ جہلم پریس کلب ہمارا دوسرا گھر ہے ، پہلے بھی صحافیوں کے ساتھ تعاون کیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ضلع جہلم کے صحافیوں کو اپنا بھائی ، دوست ، عزیز سمجھتے ہوئے عزت بخشی اور انشاء اللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
نو منتخب صدر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری نے کہا کہ جس طرح شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، سیاسی ، مذہبی شخصیات سمیت سرکاری و نجی اداروں کے ذمہ داران جہلم پریس کلب کے صحافیوں کی خوشیوں میں شامل ہیں اس پر ہم ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔