
جہلم: شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، تعفن پھیلنے لگا، شہریوں کا ہفتہ صفائی مہم شروع کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں ، شہر کے وسط سے گزرنے والی سڑکوں سمیت محلہ اسلام پورہ ، کریم پورہ، بلال ٹاؤن، جادہ، کالا گجراں، روہتاس روڈ ، کشمیر کالونی ، مجاہد آباد، مشین محلے میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن و بدبو نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔
شہر سے ملحقہ گلیوں ، بازاروں میں بھی کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، صحت و صفائی کا باضابطہ نظام نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ چکی ہیں کیونکہ تعفن و بدبو کیوجہ سے شہری مختلف موذی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، مگر میونسپل کمیٹی کے متعلقہ حکام نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
جہلم شہر کے شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر ہفتہ وار صفائی مہم کا آغاز کروائیں تاکہ بڑے پیمانے پرشہر کی صفائی ستھرائی کی جا سکے ، اور آئندہ روزانہ کی بنیادوں پر شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری صاف ستھرے خوشگوار اور صحت افزاء ماحول میں سانس لے سکیں۔