
جہلم: اندرون شہر کی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث حادثات معمول بن گئے ،مکینوں کا میونسپل کمیٹی سے سٹریٹ لائٹس مرمت کرواکے چالو کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کی سڑکوں جن میں میجر اکرم شہید روڈ، کمیلا روڈ، مجاہدہ آباد پل، لاری اڈہ تا جی ٹی ایس چوک سول لائن روڈ ، ضلع کچہری سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث حادثات کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔
مذکورہ سڑکیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ ان سڑکوں سے شہری شہر و اندرون شہر کے علاقوں میں سفر کرتے ہیں اور مسافر گاڑیوں موٹر سائیکل سواروں کا گزرنا زیادہ ہوتا ہے، سٹریٹ لائٹس کے خراب ہونے کیوجہ سے روزانہ حادثات میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
علاوہ ازیں سڑکوں پر راہزنی، چوری، ڈکیتی کی وارداتیں بھی روزانہ کا معمول بن چکی ہیں۔ مذکورہ سٹرکوں پر شہری آبادیاں ہونے کی وجہ سے رات کے وقت شہری علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کا مناسب بدوبست نہ ہونے کیوجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے شہر کی سڑکوں پر نصب کی گئیں سٹریٹ لائٹس کی درستگی کا مطالبہ کیا ہے ۔