
جہلم: شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں رمضان المبارک کا تقدس پامال ہونے لگا، متعدد ہوٹل کھلے ہوئے ہیں ہوٹل والوں کے ساتھ ساتھ پکوڑا، سموسہ فروش، دہی بھلے، فروٹ چاٹ فروش مل کر رمضان المبارک کا تقدس پامال کرنے میں مصروف، ضلعی انتظامیہ نے آنکھیں بند کر لیں، کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں موجود ہوٹلوں سمیت سموسہ، پکوڑا فروش یہاں تک کہ چائے بنانے والے بھی ریڑھیوں پر اپنی دکانیں کھول لیتے ہیں جس سے بے روزوں کی چاندی لگ جاتی ہے اور بے روزہ بلا خوف و خطر کھابے اڑاتے نظرآتے ہیں۔
متعدد ہوٹلز اور دکانوں پر کھانا بھی دیدہ دلیری کے ساتھ فراہم کیا جا رہا ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بالکل خاموش دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے ہوٹلز مالکان بلاخوف و خطر اپنے ہوٹلزکھول کر کھانے تیار کرکے فروخت کر رہے ہیں جبکہ پکوڑے، سموسے فروخت کرنے والے دکاندار بھی دکانیں سجا کر اشیاء کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر ہوٹلز مالکان اور ماہ صیام کا تقدس پامال کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور رمضان المبارک کا تقدس پامال ہونے سے بچایا جائے۔