
جہلم: چوکیدار کی غفلت یا ملی بھگت، گورنمنٹ مسلم گرلز سکول اسلام پورہ کے فلٹریشن پلانٹ کی تمام ٹوٹیاں اور قیمتی سامان چوری، سکول انتظامیہ متعلقہ چوکیدار کے خلاف کارروائی کی بجائے ٹال مٹول کرنے لگی، پلانٹ سکول کے اندر لگایا گیا ہے شام کی ڈیوٹی کا چوکیدار غائب رہتا ہے جس کی وجہ سے چوری ہوئی۔ اہل علاقہ کا بیان
تفصیلات کے مطابق محلہ اسلام پورہ میں واقع گورنمنٹ مسلم گرلز ہائی سکول میں ایک سماجی شخصیت نے طالبات کے لیے تقریباً چار لاکھ روپے سے ایک فلٹریشن پلانٹ لگوایا لیکن سکول انتظامیہ نے مال مفت دل بے رحم پر عمل کرتے ہوئے پلانٹ کی بالکل پروا نہیں کی۔
سکول انتظامیہ پرنسپل سے چوکیدار تک پلانٹ کو نظر انداز کرتے رہے، گزشتہ روز شام کے وقت ڈیوٹی کے چوکیدار جو اکثر و بیشتر ڈیوٹی سے غائب رہتا ہے وہ حسب معمول ڈیوٹی سے غائب تھا یا مبینہ طور پر تالے کھول کر گھر چلا گیا تھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں نے سکول کے اندر جا کر فلٹریشن پلانٹ کی تمام ٹوٹیاں اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا، سکول انتظامیہ اب تک کسی ملازم کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکی اور ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔
پلانٹ لگوانے والی تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے کی لاگت سے سکولوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پلانٹ لگوائے جاتے ہیں لیکن سکولوں کی انتظامیہ کا کردار انتہائی افسوس ناک ہے پلانٹوں کی بالکل حفاظت اور دیکھ بھال نہیں کی جاتی۔
سی او ایجوکیشن جہلم سے مطالبہ ہے کہ سماجی تنظیموں کے فنڈز کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور جن سکولوں میں طلبا و طالبات کو سہولت دینے کیلئے سماجی تنظیموں نے پراجیکٹ لگا رکھے ہیں ان کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ذمہ داری متعلقہ سکول انتظامیہ پر لگائی جائے اور مسلم گرلز ہائی سکول اسلام پورہ میں ہونے والی چوری کا سراغ لگا کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے عملہ اور انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔