پولیس خدمت مرکز جہلم میں بھی عوام کو ذلیل کیا جانے لگا، بار بار چکر لگوائے جانے لگے

جہلم: پولیس خدمت مرکز میں بھی عوام کو ذلیل کیا جانے لگا، بے جا اعتراضات، غیر ضروری کاغذات طلب کرکے بار بار چکر لگوائے جانے لگے، نئی انچارج اے ایس آئی کی تعیناتی کے بعد سے خدمت مرکز کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس خدمت مرکز جہلم جو اپنے قیام سے ہی شہریوں کو بھر پور سہولت فراہم کر رہا تھا اور گزشتہ چند سالوں میں لاکھوں افراد کو سالانہ یہاں سرکاری کاموں میں بھر پور سہولت فراہم کی جاتی تھی خاص طور پر سابقہ انچارج خدمت مرکز کے عوام دوست رویہ کی وجہ سے خدمت مرکز پولیس کی عوامی خدمت کی پہچان بن گیا تھا۔

چند ماہ قبل یہاں عملہ کو ادھر ادھر ٹرانسفر کرکے ایک خاتون اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو یہاں انچارج مقرر کر دیا گیا جس کے بعد سے عملہ نے بھی اپنا رویہ تبدیل کر لیا اور اب یہاں عوام کو سہولیات کی بجائے روایتی تھانہ کلچر کی طرح بے جا اعتراضات، غیر ضروری کاغذات اور مختلف حیلوں بہانوں سے ٹال مٹول کرکے ذلیل وخوار کیا جارہا ہے خاص طور پر اورسیز پاکستانی جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کو مختلف سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں سخت خوار کیا جاتا ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ پہلے جب بھی ہم خدمت مرکز آتے تو انتہائی سہولت کے ساتھ ہمارے کام سرانجام پا جاتے اور پولیس کا مثبت چہرہ دیکھنے کو ملتا ، لیکن پاکستان میں یہ مسئلہ بہت ہے کہ کوئی افسر اچھا کام کر رہا ہوتو اس کو فوری طور پر تبدیل کر دیا جاتا ہے یہی مسئلہ خدمت مرکز میں درپیش ہے۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تھانوں کو جدید کرنے کی طرف توجہ دے رہے ہیں تو خدمت مرکز میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا بھی نوٹس لیں اور شہریوں کو گرمی کے موسم اور رمضان المبارک کے مقدس ایام میں بار بار خوار کرنے والے اہلکاروں کا قبلہ بھی درست کروائیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button