
جہلم: تحریک عظمت قرآن جہلم کی جانب سے رمضان المبارک آفر ، قرآن پاک ، سپارے وغیرہ مفت دستیاب، جن شہریوں کو نئے قرآن پاک ، سپارے اور سورۃ یاسین وغیرہ کی ضرورت ہو جہلم مرکز مشین محلہ سے مفت حاصل کر سکتے ہیں جبکہ شہید یا پرانے قرآنی نسخے بلا معاوضہ تبدیل بھی کرسکتے ہیں۔
یہ بات تحریک عظمت قرآن جہلم کے نگران فرحان نقشبندی نے گزشتہ روز مقدس اوراق اکٹھے کرنے کی ڈیوٹی کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہر گھر میں قرآن پاک کی تلاوت کا معمول ہو تا ہے کئی گھروں میں قرآن پاک پرانے یا شہید حالت میں ہوتے ہیں یا کئی جگہ کم ہو تے ہیں تو ایسے شہریوں کے لئے تحریک عظمت قرآن جہلم مرکز مشین محلہ سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنی ضرور ت کے مطابق قرآنی نسخے یا سپارے وغیرہ بلامعاوضہ حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرانے قرآن پاک، مقدس اوراق ، شہید اوراق ، اسلامی کتب وغیرہ جو گھروں میں ناقابل استعمال ہو چکے ہیں یا جگہ جگہ بے ادبی کا شکار ہو رہے ہیں وہ بھی جہلم مرکز میں تبدیل کرواسکتے ہیں جن شہریوں کے گھروں میں مقدس اوراق ہوں وہ یہاں جمع بھی کروا سکتے ہیں ۔