
ڈومیلی: بیساکھی کامہینہ شروع ہوتے ہی کسانوں نے گندم کی کٹائی کا عمل تیزکردیا، کسان ٹولیوں کی شکل میں گندم کی کٹائی میں مصروف،کٹائی کے بعد گوائی کاعمل ہوگا، اس سال بارشیں ٹائم پرہونے سے گندم کی اچھی فصل ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈومیلی، بڑاگواہ، مغل آباد، پدھری، جنڈالہ، اڈرانہ، بنگیال، دہرہ حیال، پھڈیال، گتر، نگیال سمیت دیگر علاقوں میں بیساکھی کا مہینہ شروع ہوتے ہی کسانوں نے تیزی سے گندم کی تیار فصل کی کٹائی کا عمل شروع کردیا۔
کسان رویتی ڈھول کی تھاپ پر بنگاروں کی شکل میں گندم کی کٹائی میں مصروف ہیں۔اس بار رمضان المبارک کامہینہ ہونے کی وجہ سے زیادہ کسان رات کے وقت چاند کی چاندنی میں گندم کی کٹائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں گندم کی کٹائی ہوگی،دوسرے مرحلے میں ایک جگہ پر گھٹیوں کو جمع کرکے آخری مراحل تھریشرمشین کیساتھ گوائی کی جائے گی۔ کسانوں نے کہا کہ اس سال وقت پر بارشیں ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل بہت زیادہ اچھی ہوئی، اللہ کا شکر اداکرتے ہیں۔
محکمہ زراعت کی جانب سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بارشوں کے سیزن سے پہلے تمام کسان جلد از جلد گندم فصل کی کٹائی کریں، بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں،اور کھلواڑے لگاتے وقت سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔ کھلواڑے اونچے کھیتوں میں لگائیں اور اس کے ارد گرد پانی کے نکاس کیلئے کھالی بنائیں۔