
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پشاور اور کراچی نے بتا دیا ہے کہ ملک نرم انقلاب کے لئے تیار ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پشاور اور کراچی میں پی ٹی آئی کے جلسوں نے بتا دیا ہے کہ ملک نرم انقلاب کے لئے تیار ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کا ہر شہر تحریر اسکوائر بنے گا، اس امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی کال آنے والی ہے، عوام تیار رہیں اور عمران خان کے اعلان کا انتظار کریں۔
فواد چوہدری نے گزشتہ رات اپنے خطاب کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو بتانا چاہتے ہیں پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک مہینے کے اندر اس امپورٹڈ حکومت کو اسلام آباد سے اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے باغ جناح میں تحریک انصاف نے جلسے کا انعقاد کیا تھا۔ جلسے میں سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے خطاب کیا تھا۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح جہلم میں بھی کراچی جلسے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کو براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔