
جہلم: شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پابندی کے باوجود کوڑے کو آگ لگانے کا سلسلہ تھم نہ سکا،چیک اینڈ بیلنس کا فقدان، آس پاس کے مکینوں کیلئے صورتحال پریشان کن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پابندی کے باوجود میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکر ز کوڑا کرکٹ جمع کر کے سڑکوں کے کناروں پر آگ لگادیتے ہیں جس سے اٹھنے والے دھوئیں سے جراثیم ماحول میں پھیل کر ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال پر مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کوڑا کرکٹ ، فلیتھ ڈپو میں پھینکنے کی بجائے بازاروں اور گلی محلوں میں آگ لگا دیتے ہیں جس سے اٹھنے والا زہریلا دھواں بیماریوں کا باعث بن رہا ہے ۔ گزشتہ برس پنجاب حکومت نے کوڑے کرکٹ سمیت دیگر اشیاء کو آگ لگانے پر سخت پابندی عائد کردی تھی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ لگانے والے سینٹری ورکرز کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ماحول آلودہ ہونے سے بچ سکے ۔