میونسپل کمیٹی اور محکمہ ماحولیات شہری علاقوں سے مال مویشیوں کے باڑوں کے خاتمے میں بری طرح ناکام

جہلم: میونسپل کمیٹی اور محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران شہری علاقوں سے مال مویشیوں کے باڑوں کے خاتمے میں بری طرح ناکام، اندرون شہر کے گلی محلے مویشیوں کے فضلے سے اٹ گئے ، بزرگ او رمعصوم بچے بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق شہر اور ملحقہ علاقوں میں قائم مویشیوں کے باڑوں کی وجہ سے گندگی ،بدبو سے رہائشیوں کا سانس لینا دوبھرہوچکا ہے۔ انتظامیہ شہری علاقوں میں بھینسوں سمیت ہر قسم کے مویشی باڑوں کو ختم کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔

میونسپل کمیٹی کی حدود محلہ سلیمان پارس، باغ محلہ ، ٹویہ محلہ ، شمالی محلہ ، مشین محلہ، بلال ٹاؤن، کریم پورہ ، اسلام پورہ، محمودہ آباد، روہتاس روڈ، جادہ،کالا گجراں، کشمیر کالونی سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں قائم باڑوں کو ختم کروانے میں انتظامیہ بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔

ذرائع کاکہناہے کہ سابق ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے مویشی مالکان کو نوٹس جاری کروائے کہ مویشیوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ، ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی کے ساتھ ہی ان کی پالیسیوں کو بھی زیر زمین دفن کر دیا گیا ، جس کی وجہ سے شہری جانوروں کی غلاظت کیوجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

شہریوں نے کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں میں قائم مویشی باڑوں کے خاتمے کے لئے محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران اور میونسپل کمیٹی کی متعلقہ برانچ کے ذمہ داران کو پابند بنایاجائے کے مویشیوں کے مالکان کو ویران جگہ منتقل کریں تاکہ بزرگ شہری اور بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button