
جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم شہریوں کو معیاری اور سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرنگرانی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر سبزی و فروٹ منڈی اور رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ضلع میں لگائے گئے 6 رمضان بازاروں میں روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء آٹا،گھی، دالیں، چینی، مصالحہ جات، مشروبات، پھل،سبزیاں،کھجوراور گوشت سمیت دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ سے 10سے 20فی صد تک کم نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
29 مارچ سے 12 اپریل تک ضلع جہلم کے رمضان بازاروں میں کل 36 ہزار 4 سو 40 کلو چینی اور دس کلو آٹے کے 40 ہزار 195 تھیلے فروخت کیے جا چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ کا کہنا ہے کہ سستے رمضان بازاروں میں اشیاء کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی مہلت نہیں دی جائے گی۔