
پنڈدادنخان: ڈی ایس پی پنڈدادنخان کے ہتک آمیز رویہ کے خلاف ڈنڈوٹ سیمنٹ فیکٹری کے سینکڑوں مزدوروں سمیت انجمن تاجران، مائن ورکزز، یونین پی ایم ڈی سی، متحدہ سالٹ رینج فیڈریشن، جمعیت علماء اسلام اور پریس کلب رجسٹرڈ سمیت سول سوسائٹی نے ڈی ایس پی پنڈدادن نواز ورک کے ہتک آمیز رویہ اور مزدور رہنماوں کو دھمکیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ پنڈدادنخان سے شروع ہو کر نوازش شہید چوک میں جلسہ کی شکل اختیار کر گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں ملک نصرت چوہدری عبدالرحمٰن، راجہ کاظم کمال خواجہ ناصر علی خان، چوہدری ریاض للِہ، سید اسد بخاری، حافظ عبدالستار آزاد، ملک خالد، یوسف ناز ملک نیاز اور عطاء اللہ گوندل نے مقامی ڈی ایس پی پنڈدادنخان کے گزشتہ روز اے سی آفس پنڈدادنخان میں ہتک آمیز رویہ کی بھرپور مذمت کی۔
مزدور رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ڈی ایس پی ڈنڈوٹ سیمنٹ فیکٹری انتظامیہ کی آشیرباد سے مزدورں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں، ڈنڈوٹ سیمنٹ فیکٹری مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے مگر دھونس دھاندلی اور طاقت کے دباؤ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
شرکاء ریلی نے ڈی ایس پی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، شرکاء ریلی نے کہا کہ اگر ڈی ایس پی پنڈدادنخان کو معطل نہ کیا گیا تو احتجاج کا یہ سلسلہ کو مزید بڑھایا جائے گا۔