
جہلم: ڈاکٹر شعیب کیانی نے کہا کہ رمضان المبارک میں افطاری اور سحری میں متعدل خوراک کے استعمال سمیت سبزیوں ، پھلوں، دہی کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے، سموسے، پکوڑوں اور تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز جتنا ممکن ہو سکے کرنا چاہیے، اپنی خوراک کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شعیب کیانی نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں سحری اور افطاری کے اوقات میں کھانے پینے کی اشیاء سوچ سمجھ کر استعمال کرنی چاہیے، بہت زیادہ میٹھے سے بھی پریشانیاں جنم لیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطاری اور سحری کے اوقات میں شہری ایسی اشیاء کا استعمال زیادہ کرنے لگے ہیں جو گوشت، تیل اور گھی سے تر ہواور افطاری میں بالخصوص پیٹ بھرنے پر زور دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے دل میں خون کا بہاؤ سست ہو جاتا ہے جس سے بیماریاں جنم لیتی ہیں، اس لئے شہریوں کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔