
جہلم: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ کوثر سلیم کے تبادلے کو روکنے کا مطالبہ رنگ لے آیا، سیکرٹری تعلیم نے میڈم کوثر سلیم کو دوبارہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے، شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری، وکلاء، کلرکس، صحافی اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ کرام کی جانب سے سیکرٹری ایجوکیشن کو لکھی جانے والی درخواستوں پر سیکرٹری تعلیم نے میڈم کوثر سلیم کو بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ لاہور سے جہلم تعینات کرنے کے تحریری احکامات جاری کر دیئے اور انہیں عوامی مطالبے پر واپس جہلم رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
اس پر تمام شہری تنظیموں کے عمائدین نے سیکرٹری تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈی ای او زنانہ محترمہ کوثر سلیم پہلے کی طرح دلجمی سے ضلع جہلم کی خدمات سرانجام دیں گی۔
یاد رہے کہ محترمہ کوثر سلیم بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ جہلم میں دو سال قبل تعینات ہوئیں، گزشتہ ماہ انہیں سیکرٹری تعلیم کے دفتر رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا اور وہ ضلع جہلم سے فارغ ہو کر لاہور چلی گئی تھیں۔
جہلم میں تعیناتی کے دوران محترمہ کوثر سلیم کا رویہ دفتری سٹاف، وکلا برادری، صحافی برادری، ٹیچرز اور عام پبلک کے ساتھ انتہائی مثالی رہا اور ان کی تعیناتی میں تمام سرکاری کام بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے انجام کو پہنچے جس پر شہری، وکلا برادری، کلرکس برادری، صحافی برادری اور ٹیچرز کی جانب سے سیکرٹری ایجوکیشن کو متعدد درخواستیں ارسال کی گئیں جس پر سیکرٹری تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ کوثر سلیم کو دوبارہ جہلم تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔