
کھیوڑہ: محکمہ سوئی گیس کی ناقص کارکردگی، کھیوڑہ کی عوام کو ماہ مقدس میں گیس کی بند ش کا سامنا، سکول جانے والے بچے خالی پیٹ سکول جانے پر مجبور، بزرگ بیمار لوگ گھروں میں پریشان ،غیر اعلانیہ اور طویل بند ش سے گھریلوں خواتین پریشان ، مقامی آفس کے مطابق انہیں گیس بند کرنے کا ریجنل آفس سے حکم زبانی دیا گیا ہے، کسی قسم کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا جو ریکارڈ کا حصہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ شہر کی عوام گزشتہ ایک سال سے محکمہ سوئی گیس کی ناقص کارکردگی کیوجہ سے پریشانی کا سامنا کر رہی ہے، پورے شہرکی گلیوں کا نئی لائینوں کی مد میں اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے، کئی ماہ سے کام بند ہے اور گلیوں کی مرمت کا کوئی پلان نہیںہے جس کی وجہ سے گلیوں میں گھروں کے سامنے گڑھے بنے ہوئے ہیں۔
اس پر ظلم عظیم یہ کہ ماہ مقدس کے شروع ہی میں گیس کی غیر اعلانیہ طویل بند ش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق گیس پریشر کے ساتھ چوبیس گھنٹوں میں سحر و افطار کے وقت میسر آئے گی جو کسی طور مناسب نہیں، صبح بچوں کے اسکول کے اوقات میں گیس نہیں ہوتی، بزرگ بیمار لوگ گھروں میں سارا دن پریشان رہتے ہیں۔
مقامی آفس کے عملہ مطابق انہیں گیس بند کرنے کا ریجنل آفس سے حکم زبانی دیا گیا ہے ،کسی قسم کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا جو ریکارڈ کا حصہ ہوجو خود ایک سوالیہ نشان ہے ،محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا سرکاری شیڈول عوام الناس کی اطلاع کے لیے مہیا کرے۔
محکمہ کے اعلی حکا م سے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ غیر قانونی طویل بندش فوری ختم کی جائے، صرف ایک شہر میں بندش سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ اس شہر کا بلنگ ریونیو 100 فیصد ہے۔