
جہلم: شہر کے وسط شاندار چوک میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ، پرامن ا حتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا کہ ہماری قوم بیدار ہو چکی ہے ، آج کا یہ پرامن احتجاج ثابت کر رہا ہے کہ ضلع جہلم کے غیور عوام ثابت قدم اور زندہ قوم ہیں ، یہ قوم اب کسی کی غلامی کرنے کے لئے ہرگز تیار نہیں کیونکہ یہ قوم بھکاری نہیں خود داری سے سرشار ہے، قوم بھکاری نہیں بلکہ اس ملک کے امپورٹڈ سیاستدان بھکاری ہیں۔
سابق ضلعی صدر چوہدری زاہد اختر نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ آپ بھکاری ہیں کیا پاکستانی قوم بھی بھکاری ہے ، عمران خان نے ہمیں خود داری سکھائی ، آپ سے وعدہ ہے کہ تن من دھن جان سب عمران خان کے لئے قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ آج عوام نے عمران خان کے حق میں ریفرنڈم کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،اس وقت شہر کی سڑکوں پر انسانوں کا ایک سمندر امڈ آیا ہے شہیدوں ، غازیوں کی سرزمین جہلم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ عمران خان کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے ، ریلی میں بچے ، بوڑھے ، جوانوں سمیت خواتین کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی ۔