
سوہاوہ: عمران خان کی ملک بھر میں پر امن احتجاج کی کال پر سوہاوہ میں بھر پور احتجاج، رمضان المبارک کے باوجود شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، نوجوان کا جوش ولولہ دیدنی، مقامی قیادت نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں جمہوریت پر شب خون مارنے اور امریکہ کے خلاف اپنے بیانیہ کو عوام تک پہنچانے کے لیے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی جس پر سوہاوہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سوہاوہ شہر سمیت نواحی علاقوں سے بھی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دیکھتے ہی دیکھتے احتجاجی مظاہرہ جلسے کی شکل اختیار کر گیا جس میں تحریک انصاف کے نوجوانوں نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی، نوجوان کے جوش اور ولولے کو بڑھانے کے لیے جہاں تحریک انصاف کے ملی نغمے سنائے گئے وہیں مقامی قیادت نے اپنے تقریروں سے نوجوانوں تک بھر پور انداز میں عمران خان کا بیانیہ پہنچایا۔
مظاہرین نے امریکہ اور اپوزیشن مخالف نعرے بازی کی اور پاکستان کی عدلیہ پر شدید تنقید کی، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر نعرے درج تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک خودار لیڈر ہے اور پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے جو اپنے فیصلے کرنے میں نہ صرف خود مختار ہے بلکہ خوددار بھی ہے۔ انشاء اللہ نوے دن بعد ان چوروں ڈاکووں کے خلاف عمران خان کے جانباز میدان میں ہوں گے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر اقتدار میں ہو گی اور ان چوروں ڈاکوؤں اور امریکہ کے غلاموں کو جیلوں میں ڈالے گی۔