
جہلم: گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی چک دولت میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح، تین لاکھ کی لاگت سے پلانٹ لگایا گیا جو کالج کے سینکڑوں طلبا کیلئے بہترین تحفہ ثابت ہو گا۔
تفصیلات کیمطابق گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی چک دولت میں تین لاکھ روپے کی لاگت سے ایک جدید فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح سابقہ مسٹر جہلم استاد عبدالرحمٰن عرف مانی اور انچارج شعبہ واٹر فلٹریشن اصغر مرزا نے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل کالج اشفاق احمد ، پروفیسر زیدی ،پروفیسر نوید ملک ،لیکچرر محمد کاشف اور کالج سٹاف بھی موجود تھا۔
اس موقع پر شعبہ واٹر فلٹریشن کے انچارج اصغر مرزا نے کہا کہ یہ ہمارا مادر علمی کالج ہے اور اس کالج کا ہم پر حق ہے اس لئے آج ہم نے استاد عبدالرحمٰن کے تعاون سے اس کالج کو فلٹریشن پلانٹ کا تحفہ دیا اب کالج انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی حفاظت کریں اور پانی کا بہترین استعمال کریں۔
پرنسپل کالج اشفاق احمد نے کہا کہ ہم سابق طلباء اور سماجی شخصیت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں شفاف پانی کی سہولت دی ، اس سے اساتذہ، طلبا اور ملازمین مستفید ہوں گے ۔