
جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کی انتظامیہ رمضان بازاروں کے چکر میں صفائی ستھرائی کو نظر انداز کر بیٹھی، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر، شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہرکے گلی محلوں سمیت مضافاتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیرمیونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے لیے سوالیہ نشان بن چکے ہیں، شہری آبادیوں میں تعفن اور بدبو کے پھیلنے سے شہری اور معصوم بچے موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اندرون شہر کے گلی محلے فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکے ہیں جس سے واضع ہوتا ہے کہ میونسپل کمیٹی اپنی بنیادی ذمہ داریاں بھول چکی ہے ۔ جب سے رمضان شروع ہوا ہے تب سے شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔
کئی کئی دن شہر میں صفائی کا عملہ صفائی کرنے کی بجائے سڑکوں پر بیٹھ کر وقت گزاردیتے ہیںجس کی وجہ سے ، گلی محلوں کے اندر واقع خالی پلاٹ گندگی کے ٹیلوں میں تبدیل ہو چکے ہیں ، گندگی کے ٹیلوں کی وجہ سے مچھروں، مکھیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کیوجہ سے ڈینگی، ملیریا جیسی موزی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہرکے گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کروائی جائے تاکہ معمر بزرگوں سمیت معصوم بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔