
جہلم: رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں ہی پیشہ وربھکاریوں نے شہر میں یلغار کر کے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا، بھکاریوں کی اکثریت بیرونی شہروں سے ضلع جہلم میں منتقل ہوئی ہے بھکاریوں کے جتھوں میں خوبرو بھکارنیں ،جرائم پیشہ اور نشہ بازوں پر مشتمل ، رنگ باز بھکاری رش کے دوران شہریوں کی جیبوں پر بھی ہاتھ صاف کرنے لگے ، ہجوم کے دوران خواتین سمیت معززین کو بھیک مانگنے کی غرض سے زچ کرنا معمول بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا پہلا عشرہ شروع ہوتے ہی پیشہ ور بھکاریوں جن میں اکثریت بیرون اضلاع سے آئی سبز اور مختلف رنگوں کے چولے پہنے خواتین خوبرو بھکارنوں ، جرائم پیشہ ، نشہ باز بھکاریوں کی ہے ، جنہوں نے شہر کو اپنے نرغے میں لینے کے ساتھ ہی بھکاری خواتین اور دیگر بھکاری ہجوم کے درمیان شہریوں بالخصوص خواتین کو بھیک مانگنے اور بھیک نہ دیئے جانے پر سرعام تذلیل کرتے ہوئے کھینچا تانی کرکے زچ کردیتے ہیں۔
شہریو ں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں آنے والے بھکاریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ جرائم کے ساتھ ساتھ گدا گری کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور حق داروں کو ان کا حق مل سکے۔