
جہلم: دفترمحتسب پنجاب کی چیف صوبائی کمشنر برائے اطفال نے2021 میں 236 میں سے229 درخواستیں نمٹا دیں، محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر آن لائن ہراسیت کے خاتمے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا گیا ہے،بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے 36اضلاع میں صوبائی محتسب کے دفاتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر محتسب پنجاب کی چیف صوبائی کمشنر برائے اطفال کی جانب سے 2021 میں موصول شدہ 236 شکایات میں سے 229 شکایات کا ازالہ کیا گیاہے۔یہ بات ترجمان دفتر محتسب پنجاب نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتائی۔
ترجمان نے کہا کہ تابانہ سجاد نصیر کی سربراہی میں چیف صوبائی کمشنر برائے اطفال کا دفتر صوبے کے 36 اضلاع میں بچوں کے حقوق کی حفاظت کے حوالے سے موصول شدہ شکایات پر کارروائی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقین کے اشتراک سے بچوں سے متعلقہ ایشوز کے حل کیلئے تحقیق وایڈووکیسی کے ذریعے ضروری راہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے تا کہ کوئی بچہ کسی حکومتی ادارے کی بدانتظامی کا نشانہ نہ بنے۔
اس حوالے سے محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر بچوں کی آن لائن ہراسیت پر قابو پانے کیلئے چیف صوبائی کمشنر برائے اطفال تابانہ سجاد نصیر کی سربراہی میں ماہرین کا ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے جو مختلف سرکاری و غیرسرکاری تنظیموں کے اشتراک سے پالیسی تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گا۔
ترجمان نے عوام سے کہا کہ بچوں سے متعلقہ شکایات کے حل کے لیے درخواستیں بذریعہ خط یا کسی ضلعی محتسب آفس میں دستی جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب کے کسی سرکاری ادارے سے قانونی حق کے متلاشی بچے اپنی شکایت بذریعہ ای میل یا آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے درج کروا سکتے ہیں۔
مزیدبراں حقوق اطفال کی حفاظت کے حوالے سے عوام یا ادارے ضروری معلومات وراہنمائی کے لیے محتسب آفس کی ہیلپ لائن 1050پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔