
جہلم: شہر کے گلی محلوں کے کھلے پلاٹوں میں گندگی کے ڈھیر، علاقہ مکین سراپا احتجاج، میونسپل کمیٹی کے عملے نے آنکھیں موند لیں۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے گلی محلوں میں سینٹری ورکروں کی عدم دلچسپی کے باعث صفائی ستھرائی کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے گلی محلوں میں موجود کھلے پلاٹوں میں سینٹری ورکروں نے گندگی کے ٹیلے لگا رکھے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ میونسپل کمیٹی کے دفتر میں شکایات کا اندراج کروایا اور افسران کو زبانی بھی آگاہ کیا لیکن کارپوریشن کا عملہ ٹس سے مس نہیں ہوتا، گندگی کے ڈھیروں کیوجہ سے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے۔
مچھروں، مکھیوں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس سے وبائی امراض پھوٹنے کا اندیشہ ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک دن شہر کے گلی محلوں کو چیک کرنے کے لئے مختص کیا جائے اور گلی محلوں کے خالی پلاٹوں میں کچرا کنڈی اٹھانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے جائیں تا کہ گلی محلوں میں گندگی کے ٹیلوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔