
جہلم: ذخیرہ اندوزوں نے روزہ داروں کو لوٹنے کیلئے گودام بھر لئے، اشیاء خوردونوش انتہائی مہنگی، ماہ رمضان میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے شروع ہوتے ہی ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مافیا نے چینی، بیسن، دالیں، گھی، کھجوریں، لہسن، ادرک، پیاز ،آلو اور دیگر اشیاء ضروریہ بڑے بڑے گوداموں میں ذخیرہ کررکھے ہیں جس کی وجہ سے رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھور رہی ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزوں نے عوام کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھانے کیلئے اشیاء خوردونوش کو انتہائی مہنگے داموں ماہ رمضان کے وسط میں فروخت کرنے کا پلان مرتب کررکھا ہے غریب اور متوسط طبقہ تاجروں کی بلیک میلنگ کی وجہ سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں ، ملک ذیشان، فضل الرحمن جنجوعہ، عامر شبیر کیانی، راجہ فیصل کیانی، عمیر احمد راجہ، عتیق احمد، ملک محمد عمر اعوان، محمد حماد، عاطف نذیر، مظہر حسین و دیگر کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ماہ مقدس کے مہینے میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے مسلمانوں کا فعل انتہائی شرمناک اور لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر مسلم قومیں اپنے مذہبی تہواروں کے موقع پر شہریوں کو سستی اشیاء فروخت کرنے سمیت ہر ممکنہ سہولتیں مہیا کرتی ہیں لیکن مسلمانوں میں اس جذبہ کی شدید کمی ہے اور یہ تمام ذخیرہ اندوز اس مقدس مہینے میں ایسا کر کے نیکیاں کمانے کی بجائے الٹا گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں۔