
جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت انتظامیہ کی نااہلی کے باعث افطار کے وقت ناقص گھی میں تلے ہوئے پکوڑے، سموسے فروخت ہونے لگے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم توجہی کے باعث روزے داروں میں بیماریوں سے بھری تلی ہوئی اشیاء فروخت ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے باربرکت مہینے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث شہر و گردونواح میں سموسہ، پکوڑا، فروشوں کی جانب سے ناقص گھی اور غیر معیاری مصالحہ جات کے استعمال سے شہری خصوصاً روزہ دار معدے سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افطار کے وقت شہری پھلوں کے ساتھ ساتھ پکوڑے، سموسوں کو ترجیح دیتے ہیں جن کو زیادہ تر شہری بازاروں سے خرید کر گھروں میں لاتے ہیں جبکہ شہریوں کو پکوڑے، سموسوں میں ناقص گھی اور غیر معیاری گھٹیا مصالحہ جات کے استعمال کے باعث جہاں مختلف بیماریوں کی شکایت کا سامنا ہے وہیں تلی ہوئی اشیاء میں ناقص گھی کے استعمال کے سبب بدبو کی بھی شکایت کا سامنا ہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ تلی ہوئی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کا معیار چیک کرتے ہوئے ناقص میٹریل استعمال کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔