
جہلم: شہر کے مرکزی قبرستان میں مردے دفنانے کی جگہ کی کمی شدت اختیار کر گئی، قبروں کی کھدائی کے دوران انسانی ہڈیاں کا نکلنا روزانہ کامعمول بن چکا ہے جو کہ منتخب ممبران اور انتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مرکزی قبرستان میں وفات پانے والوں کے لئے زمین تنگ ہو کر رہ گئی، قبروں کی کھدائی کے دوران انسانی ہڈیوں کا برآمد ہونا شہریوں کے لئے تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرکزی قبرستان میں کئی دہائیوں سے شہری اپنے پیاروں کو دفناتے چلے آرہے ہیں لیکن اب جگہ کی کمی کا مسئلہ شدت اختیار کرچکا ہے۔
عوامی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی، تنظیموں کے عمائدین نے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ڈپٹی کمشنر سے قبرستان کے لئے مزید اراضی مختص کروانے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ شہری اپنے پیاروں کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے کی بجائے قریبی قبرستان میں دفن کر سکیں۔