محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ میں اصلاحی پتلی تماشہ کا انعقاد

سوہاوہ: محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں ویلیج تھیٹر/اصلاحی پتلی تماشا کا انعقاد اے ڈی پی سکیم ایڈووکیسی کیمپین کے تحت کیا گیا۔

بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی پنجاب اور رفیع پیر تھیٹر کے اشتراک سے ضلع جہلم میں پنڈ دادنخان، دینہ اور سوہاوہ میں اصلاحی پتلی تماشا کے سلسلہ میں آخری پروگرام گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ میں کیا گیا۔

اصلاحی پتلی تماشا کے ذریعے خاندان کو درپیش مسائل جن میں ماں بچے کی صحت، بیٹیوں کی تعلیم اور صحت کی اہمیت،وسائل اور ضروریات میں عدم توازن، صنفی امتیاز اور فیصلہ سازی میں خواتین کی عدم شرکت جیسے موضوعات کو نہایت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کرنے پر بابر ظہیر نے رفیع پیر تھیٹر کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

مہمان خصوصی نبیل علی ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جہلم نے اصلاحی پتلی تماشا کے لئے محکمہ بہبود آبادی پنجاب اور رفیع پیر تھیٹر کے اشتراک کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوشش تفریحی ابلاغ کے ذریعے معاشرے میں ماں بچے کی صحت کے حوالے سے صحت مند تبدیلی اور پائیدار ترقی کے حصول کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

محترمہ شبینہ کوثر پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ نے محکمہ بہبود آبادی پنجاب اور رفیع پیر تھیٹر کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس پتلی تماشا سے طالبات کو خاندان اور معاشرتی مسائل بارے جو آگاہی حاصل ہوئی ہے وہ ان کی آئندہ عملی زندگی میں فیصلہ سازی کے لیے معاون ثابت ہو گی۔

بابر ظہیر نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ کی پرنسپل محترمہ شبینہ کوثر، سٹاف اور طالبات کو پتلی تماشا تھیٹر میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button