
جہلم کے معروف عالم دین سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ روزہ دین اسلام کا چوتھا رکن ہے ، ایک حدیث قدسی ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا، جب رمضان المبارک آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے، رمضان کے تین عشرے ہیں پہلا رحمت کا دوسرا عشرہ مغفرت کا اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت قرآن کریم میں ارشاد فرماتے ہیں کہ اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں جیسے کہ تم سے پہلی امتوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم متقی اور پرہیز گار بنو، امت مسلمہ پر روزے کی فرضیت سے قبل پہلی امت پر بھی روزے فرض کئے گئے تھے تاکہ تم متقی اور پرہیز گار بنو۔
انہوں نے کہا کہ اللہ پاک فرماتے ہیں کہ تم تقویٰ والے بنو تم ہر اس برائی سے بچو جسے اسلام نے منع فرمایا ہے، یعنی کہ تم جھوٹ، غیبت ، بہتان ، نفس کی خواہش، کرپشن، ناانصافی، ناپ تول میں کمی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری گویا ہر اس برائی سے بچو جسے اسلام نے منع فرمایا ہے، احادیث مبارکہ میں روزہ کی اہمیت و افادیت پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے۔