
جہلم: رمضان المبار ک کے پہلے عشرے میں ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،صارفین شدید مہنگائی سے بلبلا اٹھے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا جبکہ پھل و سبزیوں سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہر سمیت ضلع بھر میں گوداموں میں اسٹور کئے گئے پھلوں کی قیمتیں دگنی کر دی گئیں ہیں۔
دکانداروں کے مطابق آڑھتیوں نے منڈی میں قیمتیں بڑھا دی ہیں ، سیب کی پیٹی میں پانچ سے چھ سو روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد سفید سیب 40 روپے اضافے سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ کیلا 100 روپے اضافے کے ساتھ270 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہورہاہے۔
اسی طرح قیمت پنجاب ایپ میں خربوزے نرخ مقرر نہیں کئے جبکہ بازار میں خربوزہ بھی اڑھائی سو روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہاہے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت کھجور 50روپے اضافے کے ساتھ 300 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے ، آلو ، پیاز کی قیمت بھی 50روپے فی 5 کلو ( دھڑی) کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد فی کلو40 روپے میں فروخت کئے جارہے ہیں۔
ٹماٹر 50روپے اضافے کے ساتھ200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے ، کوکنگ آئل اور گھی دکاندار من مرضی کے نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں ، مرغی کے گوشت کے سرکاری نرخ 380 مقرر کئے گئے ہیں جبکہ 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہاہے ، کھلا دودھ 120 روپے فی لیٹر ، دہی 110 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہاہے ۔