
جہلم: میونسپل کمیٹی عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام، شہریوں کی چیخیں بھی پنجاب حکومت کو اپنی جانب متوجہ نہ کر سکیں، شہر اور ملحقہ آبادیوں میں ہر طرف گندگی ، کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور گٹروں کا گنداپانی سڑکوں ، گلی محلوں میں جوہڑوں کی شکل اختیار کرنے لگا ،ذمہ داران نے چپ سادھ لی۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینیٹیشن برانچ کی عدم دلچسپی و لاپرواہی کی وجہ سے شہر کے گلی محلوں سمیت ملحقہ آبادیوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے ، جبکہ گٹروں کا گندا پانی سڑکوں ، گلیوں محلوں اور کھلے میدانوں میں جوہڑوں کی شکل اختیار کررہا ہے جو تعفن پھیلانے کا باعث بن رہا ہے ، جس کی وجہ سے خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے جبکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سیوریج لائنیں ناقص منصوبہ بندی کے باعث ناکارہ ہو چکی ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران شہریوں کوسہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں ،شہرسمیت مضافاتی علاقوں میں عوامی مسائل سنگین صورتحال اختیار کر تے جا رہے ہیں ، پچھلے کئی ماہ سے شہری ضلعی اور پنجاب حکومت کو اپنی جانب متوجہ کر نے کے لئے تحریری درخواستیں ارسال کر چکے ہیں مگرارباب اختیار شہریوں کی داد رسی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن کے ذمہ داران کے خلاف عوامی مسائل حل نہ کرنے پر کارروائی کی جائے۔