
جہلم: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ضلع بھر میں 6 رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دے کر عام مارکیٹ سے سستی اور معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں عام مارکیٹ سے انتہائی کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ ماہ رمضان کے پہلے دو روز کے دوران شہریوں کی کثیر تعداد نے رمضان بازاروں کا رخ کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان بازار میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور یہاں کے نرخ اوپن مارکیٹ کی نسبت بہت کم ہیں۔ اس بار لگائے جانے والے رمضان بازار پہلے کی نسبت کافی بہتر ہیں، بازار میں چینی، آٹا اور دیگر اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں۔