
پنڈدادنخان: محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر تحصیل پنڈ دادنخان ضلع جہلم میں ویلیج تھیٹر/پتلی تماشا کا انعقاد اے ڈی پی سکیم ایڈووکیسی مہم کے تحت کیا گیا۔
بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتلی تماشا کا مرکزی خیال تیزی سے بڑھتی آبادی اور اس سے متعلقہ مسائل بارے عوام الناس میں آگاہی فراہم کرنا تھا، پتلی تماشا کے ذریعے خاندان کو درپیش مسائل جن میں وسائل اور ضروریات میں عدم توازن، صنفی امتیاز اور فیصلہ سازی میں خواتین کی عدم شرکت جیسے موضوعات کو نہایت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کیا گیا۔
رفیع پیر تھیٹر کی ٹیم نے اپنی بہترین پرفارمنس سے پتلی تماشا کے ذریعے عوام کو معیاری اور روایتی تفریح کے ساتھ سماجی مسائل کے ادراک کا موقع فراہم کیا۔
بابر ظہیر نے پتلی تماشا کے روایتی تھیٹر کے فروغ کے لیے رفیع پیر تھیٹر اور محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک معاشرے میں صحت مند تبدیلی اور پائیدار ترقی کے حصول کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
محترمہ سعدیہ عفت پرنسپل گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج پنڈ دادنخان تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔بابر ظہیر نے بچوں اور خواتین کو پتلی تماشا تھیٹر میں شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔