قومی اسمبلی میں تاریخی فتح نے عمران خان کے بیانیے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ فراز چوہدری

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں گزشتہ روز کی تاریخی فتح نے عمران خان کے بیانیے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔

جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران فراز چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازش کے تحت پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے خلاف رولنگ نے واضح کر دیا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں کے اشاروں پر پاکستان کی حکومت تبدیل یا گرائی نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز الیکشن کے لئے میدان میں آنے کی دعوت ہے ، اپوزیشن الیکشن سے نہ بھاگے ، الیکشن ہی واحد ذریعہ ہے جو کسی بھی لیڈر یا جماعت کی مقبولیت ثابت کر سکتے ہیں ، وقت اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ عمران خان دور اندیش اور صاحب بصیرت عالمی لیڈر نہیں بلکہ میدان میں آخری گیند تک حیران کن نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فراز چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز کے تاریخی فیصلے نے عمران خان اوران کے غیور ساتھیوں کی مقبولیت کو مزید چار چاند لگا دیئے گئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے منتخب ہو کر دوبارہ حکومت قائم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے اپوزیشن کا حق ہے ، تمام جماعتیں اپنے اپنے انتخابی منشور پر الیکشن میں حصہ لیتی ہیں ، تحریک انصاف جس انقلابی منشور پر الیکشن جیت کر برسراقتدار آئی تھی اس پر عملدرآمد کے لئے وزیراعظم عمران خان نے نیا ویژن دیا جس کیوجہ سے ملک بھر کے باغیرت ، غیور عوام عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

فراز چوہدری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے ،غیر ملکی ایجنڈے اور خرید و فروخت کی گھناؤنی سازش بری طرح ناکام ہونے کے بعد اپوزیشن کا شیرازہ بکھر چکا ہے ، غیر ملکی سازش عیاں ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سودا کرنے والوں کو کسی صورت قوم معاف نہیں کرے گی ، انہیں غداری اور اربوں کی خرید و فروخت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، آئندہ الیکشن میں قوم ان کی ضمانتیں ضبط کروا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب غداروں کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہو چکا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button