دینہ میں شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ اور شعور کمپیوٹر سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

دینہ: فلاح عامہ، دکھی انسانیت کی خدمت اور باعزت روزگار کی فراہمی کے منصوبے”شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ” اور "شعور کمپیوٹر سنٹر ” کا افتتاح کر دیا گیا۔

وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع جہلم میں مختلف فلاحی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں صدقہ آب پروگرام ،صدقہ شجر، تعمیر بیت المساکین ،تعمیر مساجد پراجیکٹ ،شعور راشن پروگرام ،کفالت یتیم پروگرام، اور ایک کنال رقبہ پر قائم کیاگیا باعزت روزگار فراہمی کا منصوبہ شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ شامل ہیں۔

شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں کی بلڈنگ کا کام مکمل ہونے پر اس کا افتتاح کر دیا گیا ہے، اس بلڈنگ میں کمپیوٹر سنٹر ،دستکاری سنٹر ،وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس کے دفاتر قائم کیے جارہے ہیں جبکہ مستقبل میں فری ڈسپنسری کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر تصور حسین نے فلاح عامہ کے اس عظیم منصوبے کی تکمیل پر اہلیان مفتیاں بالخصوص چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن سلیم انور کسانہ کو مبارکباد پیش کی اور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ خواتین کو روزگار فراہمی کے جو منصوبہ جات شروع کئے جا رہے ہیں وہ اس علاقے کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

چوہدری عبدالرفیق (جہلم فورم) نے اپنی گفتگو میں وسیلہ ویلفیئر کے تمام منصوبوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ جہلم فورم کی ساری ٹیم الیاس گوندل (چیف آرگنائزر) کی قیادت میں حقیقی فلاح کے اس طرح کے تمام منصوبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر جہلم فورم مڈل ایسٹ برانچ کے چئیرمین چوہدری محمد علی کی طرف سے شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ کے لئے پچاس ہزار روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نعیم انور نعمانی (جی سی یونیورسٹی لاہور) اور سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے بھی اظہار خیال کیااور کہا کہ وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کا سلوگن "امداد نہیں روزگار” غریب دیہی آبادیوں کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور کسی بھی ایک گھرانے کو باعزت روزگار کی فراہمی صدقہ جاریہ ہے۔

آخر میں ڈاکٹر شاہدہ نعمانی (صدر شعور ویلفیئر) اور ولایت حمید (پاک شفاف تنظیم ) نے افتتاحی پلیٹ کی نقاب کشائی کی اور کمپیوٹر سنٹر کا ربن کاٹا ،خطیب اعظم مفتیاں علامہ قاری تاج نقشبندی نے دعا فرمائی۔ شعور سنٹر مفتیاں کی تعمیر میں حصہ لینے والی ٹیم کو یادگاری شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر انجینئر حاجی صفدر علی کھوکھا، چوہدری اعجاز یوکے، جمیل بھٹی یوکے، مہر خادم حسین نمبردار ،میاں محمد اجمل، میاں عمران اٹلی، میاں واجد عظیم، حاجی چوہدری مشتاق احمد، چوہدری خورشید انور نائب صدر سبزی منڈی دینہ، پروفیسر عبد الرحمن ،طاہر برلاس، میاں غلام غوث مفتی،حاجی مظفر حسین، چوہدری آصف، چوہدری جاوید احمد، ملک حبیب، ظفر احمد ظفری مہران بیکرز، میاں محمد اسرار، میاں افتخار فارابی سکولز، حافظ وسیم انور ایگزیکٹو ممبر جہلم چیمبر آف کامرس ،میاں بشارت حسین یوکے، حاجی فیاض، چوہدری ندیم انور ،چوہدری سراج کھوکھا، ندیم عاشق بنگیال ،میاں محمود ،افتخار مغل (مغل آئرن)، عابد دھمیال،ارباب عقیل بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button