
جہلم: ٹریفک قوانین سے بے خبر رکشہ ڈرائیورز شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے، ٹریفک پولیس کے افسران نے آنکھیں بند کر لیں، شہریوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں روز بروز بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل وچنگ چی رکشوں کی بھرمار سے بازاروں، سڑکوں، گلی محلوں میں پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے ۔
رکشہ ڈرائیور وں کی زیادہ تر تعداد کم عمر اور ادھیڑ عمر ہونے کی وجہ سے ٹریفک قوانین سے مکمل بے خبر دکھائی دیتے ہیں اور یہ کم عمر انجان ڈرائیورز آئے روز حادثات کا بھی موجب بن رہے ہیں۔
ایسے رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف متعدد بار عوامی حلقوں نے ڈی ایس پی ٹریفک سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا مگر ڈی ایس پی ٹریفک وماتحت ٹریفک پولیس افسران و اہلکاران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
شہریوں نے آئی جی پنجاب ،ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ٹریفک قوانین سے بے خبر اور کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔