
جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ غفلت ،کیمیکل ملے ناقص و غیر معیاری دودھ، دہی کی فروخت کرنے والے مافیا کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کاغذی کارروائیوں اور فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئے، ارباب اختیار تک سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوانے میں مگن ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں دودھ ، دہی کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی چشم پوشی کی وجہ سے شہر و مضافاتی علاقوں میں گوالے کیمیکل ملے ناقص و غیر معیاری مضر صحت دودھ ، دہی تیار کرکے شہریوں میں فروخت کررہے ہیں۔
گوالے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں لیٹر نقلی دودھ جس میں واشنگ پاؤڈر، کیمیکل، فلیور، خشک دودھ، جانوروں کی چربی سے تیار مضر صحت کوکنگ آئل کو استعمال کرکے فروخت کر رہے ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ دار سب کچھ جاننے کے باوجود آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ناقص و غیر معیاری دودھ دہی فروخت کرنے والے دکاندار شہریوں میں دودھ کی بجائے زہر فروخت کرکے تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔