
سوہاوہ: القادر یونیورسٹی پروجیکٹ ٹرسٹ میں شعبہ علوم اسلامیہ کے زیرِ اہتمام 29 تا 30 مارچ کو پہلی دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں ملک کے طول و عرض سے نمایاں شخصیات نے شرکت فرمائی۔
کانفرنس میں وائس چانسلر الکرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر ابو الحسن شاہ، وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو، وویمن یونیورسٹی پشاور محترمہ ڈاکٹر نسیم اختر سمیت چار یونیورسٹیز کے ڈینز بشمول پروفیسر ڈاکٹر مستفیض احمد علوی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر سید سلطان شاہ،ڈین جی سی یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حافظ محمود اختر، سابق ڈین پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد باقر خان خاکوانی، سابق ڈین شعبہ عربی و علوم اسلامیہ علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد، 7 ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹ، 9 پروفیسرز، 7 ایسوسی ایٹ پروفیسرز، 12 اسسٹنٹ پروفیسرز، 25 لیکچررز، 30 پی ایچ ڈی اسکالرز اور 28 ایم فل سکالرز نے اہم موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کیے۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی اسکالرز میں سے علامہ حافظ محمد بلال، پرنسپل، جامعہ مدینۃ الاسلام یوکے اور ڈاکٹر حسن محمد الکردی نے مالدیپ سے آنلائن مقالہ جات پیش کیے۔ کانفرنس میں 200 سے زائد خلاصہ جات موصول ہوئے جن کا جائزہ لینے کے بعد 170 خلاصہ جات کی منظوری دی۔
بعد ازاں محققین کی طرف سے 140 مکمل مقالہ جات موصول ہوئے جن میں سے 85 مقالہ جات پریزنٹیشن کے لیے منظور ہوئے۔القادر یونیورسٹی کے وژن اور مشن سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز القادر یونیورسٹی ڈاکٹر امجد الرحمٰن نے شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر صدر شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے مقالہ جات کے مختصر نتائج اور سفارشات پیش کیے۔